نئی دہلی، 08نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) انجمن ارتقاء اردو ادب نیپال اور اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نیپال یونٹ کی جانب سے عالم اسلام کی معروف علمی شخصیت حضرت مولانا شیخ صلاح الدین مقبول احمد مدنی کو علامہ شیخ ابن تیمیہ ایوارڈ برائے علمی خدمات، جناب شاہد صدیقی (چیف ایڈیٹر، ہفت روزہ ’نئی دنیا‘ دہلی) کو نیپال کا سب سے بڑا ایوارڈ ہمالیائی اردو ایوارڈ برائے تفتیشی صحافت، ڈاکٹر خالد انور(چیف ایڈیٹر، ہمارا سماج دہلی، پٹنہ) کو مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ برائے تحقیقی صحافت، محمد مستقیم (چیف ایڈیٹر، سیاسی تقدیر) کو مولانا عثمان فار قلیط ایوارڈ برائے صحافت، لکھنؤ کے معروف شاعر جناب احسن اعظمی کو شعری خدمات پرحفیظ جالندھری ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا۔ انجمن ارتقاء اردو ادب نیپال اور اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نیپال یونٹ کے سربراہ مولانا زاہد آزاد جھنڈانگری (نیپال) نے کہا کہ عالمی یومِ اردو کی تقریب چند نامساعد حالات کے سبب نیپال میں منعقدنہیں ہوگی لہٰذا انٹرنیشنل کمیٹی کے زیراہتمام دہلی میں منعقد ہونے والی عالمی یوم اردو تقریب میں ہم مذکورہ شخصیات کوایوارڈز دیں گے۔ عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے تصدیق کرتے ہوئے جاری بیان میں کہاہے کہ ہماری جانب سے اور نیپال یونٹ کے ایوارڈز بھی ۹؍نومبر کو شام چار بجے غالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین، دہلی میں تقسیم کیا جائے گا۔